خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی: مساجد میں پیش اماموں کی فلاح بہبود اور انکی مالی معاونت کا بل پیش

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی میں مساجد میں پیش اماموں (نماز پڑھانے والے ) کی فلاح بہبود اور انکی مالی معاونت کا بل پیش کر دیا گیا،ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بل پر مزید غوروخوض کیلئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں رکن کشور زہرہ نے ملک میں مذہبی اسکالرز،علماء اور پیش اماموں کی فلاح و بہبود اور انکی مالی معاونت کیلئے بل” مذہبی اسکالرز،علماء اور پیش اماموں کی فلاح و بہبود بل2017) پیش کیا۔رکن کشور زہرہ نے کہا کہ8سال بعد بل ایجنڈے پر آیا ہے،مذہبی سکالرز اور پیش امام ہماری دینی ضروریات پوری کرنے کیلئے کوشاں رہتے ہیں ،ہمیں بھی انکی ذمہ اداری اٹھانا ہو گی،گزشتہ دنوں وزیر اعظم نواز شریف نے علما سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ علماء اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ کشور زہرہ نے کہاکہ علماء اپنی ذمہ داریاں تب احسن طریقے سے سراانجام دیں گے جب ہم انکی ذمہ داری اٹھائیں گے۔وزیر مملکت مذہبی امور پیر امیر الحسنات نے کہا کہ مذہبی سکالرز اور پیش امام ہماری دینی ضروریات پوری کرنے کیلئے کوشاں رہتے ہیں،وزارت مذہبی امور کو اس بل پر کوئی اعتراض نہیں،جس پر ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بل پر مزید غوروخوض کیلئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔(ن غ/ ر ڈ)