خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی میں آزادی کیلئے لڑنے والے مسلمانوں کی قربانیوں کو اجاگر کرنے بارے کارکردگی رپورٹ پیش

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی میں جمعرات کو آزادی کیلئے لڑنے والے مسلمانوں کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے بارے میں کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی ، یہ اقدامات وزارت اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ،پیمرا، پی ٹی وی و ریڈیو پاکستان کی طرف سے کئے گئے ، گزشتہ روز جمشید دستی کے ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلمان حریت پسندوں ،جنگجوؤں کی قربانیوں کے متعلق قوم کی یاداشتوں کو تازہ کرنے کیلئے خصوصی پروگرامات نشر کئے جاتے ہیں ۔ اس حوالے سے پی بی سی کی بھی اہم نشریات قابل ذکر ہیں ، اسلام کے ہیروز اور تحریک آزادی کے حریت پسند جنگجوؤں جیسے محمد بن قاسم، سید جمال الدین افغانی ، سید احمد شہید بریلوی ، سرسید احمد خان ، علامہ محمد اقبال ، قائداعظم محمد علی جناح، محترمہ فاطمہ جناح اور دیگر مقتدر شخصیات کے ایام شہادت / یوم وفات سے متعلق پروگرامات نشر کئے جاتے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔ اہم مواقع پر کرنٹ افیئر چینل پر خصوصی نشریات کا انعقاد ہوتا ہے اور پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے پروگرامات میں مورخین ، ماہرین تعلیم اور دیگر ماہرین فن تحریک آزادی اور برصفیر کے مسلمانوں کے لئے ایک نیا وطن بنانے کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کیلئے شرکت کرتے ہیں ۔ ان اہم مواقع پر خصوصی سیمینار منعقد کئے جاتے ہیں جن کی براہ راشت نشریات کی جاتی ہیں تاہم کسی خاص تاریخی واقعہ کے حوالے سے مختص کرنے کے لئے پرائیویٹ ٹی وی چینلز کو پابند بنانے کیلئے قوانین میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ ٹی وی لائسنس یافتگان ہمارے قومی ہیروز سے متعلق قوم کی یاد تازہ کرنے کے لئے اپنی مرضی سے نغموں کے علاوہ دیگر پروگرامز نشر کرتے ہیں ۔ پیمرا وزارتوں کے فراہم کردہ نشر کرنے کو یقینی بناتا ہے تاہم پیمرا کو مسلمان حریت پسندوں کے جذبہ و قربانیوں سے متعلق قوم کی یادیں تازہ کرنے کیلئے ایک کوئی مواد نہیں ملا ہے ۔ مختلف وزارتیں اہم قومی ایام مثلاً یوم یکجہتی کشمیر سے متعلق 27اکتوبر کے یوم سیاہ کے حوالے سے وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان ہی مواد فراہم کرتی ہے ۔ برطانویراجکے انڈیا میں مسلمان حریت پسندوں کی سالوں پر محیط جدوجہد کو اجاگر کرنا ہمیشہ سے پی ٹی وی کے شعبہ حالات حاضرہ کا طرہ امتیاز رہا ہے ۔ پی ٹی وی کے پاس قیمتی اثاثہ موجود ہے جس سے پاکستان کی آئندہ نسلوں کو آگاہ رکھنے کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ من حیث القوم ہم اپنی تاریخ کے ان ہیروز کے ممنون ہیں اور پی ٹی وی کے محکمہ حالات حاضرہ برصغیر میں مسلمانوں کی تحریک آزادی میں ان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کیلئے پروگرامز کرتا ہے ۔ سال بھر ایسے پروگراموں میں قائداعظم اور علامہ اقبال کے وژن کو مرکزی حیثیت حاصل رہتی ہے ۔ حال ہی میں پورا مہینہ قائداعظم کے حوالے سے منایا گیا ۔ رواں سال 2017کو پاکستان کے یوم آزادی کو شاندار انداز سے منانے کی بھی تیاری کی جا رہی ہے ۔ (اع)