خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی میں ارکان کےسوالات جمع کرانےکاطریقہ کارتبدیل

اسلام آباد: (آئی این پی) قومی اسمبلی میں ارکان کی جانب سے سوالات جمع کرانے کے طریقے کار کو تبدیل کردیا گیا،نئے قوائد کے مطابق ارکان قومی اسمبلی سکرٹریٹ کو اپنے سوالات ای میل کے ذریعے بھجوا سکیں،ہر سیشن کے اختتام سے ایک روز قبل 12بجے تک ارکان سوالات جمع کروائیں گے اور اسی روز قرعہ اندازی کے ذریعے سوالات کے ایجنڈے پر لانے کا دن مقرر کیا جائے گا ،ایک دن کے ایجنڈے میں ایک ممبر کے زیادہ سے زیادہ دو سوالات شامل کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ارکان کی سہولت کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں سوالات جمع کرانے کے طریقہ کار کو تبدیل کیا گیا ہے،نئے طریقہ کار کے تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں سے مشاورت کی گئی،نئے طریقے کے تحت ارکان آسانی سے اپنے سوالات جمع کرواسکیں گے اور میرٹ پر سوالات ایجنڈے میں شامل کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی میں جمعہ کے روز ارکان اپنے سوالات جمع کراتے تھے اور بعض اوقات رش ہونے کی وجہ سے ارکان کو لائنوں میں لگ کر سوالات جمع کروانے پڑتے تھے۔(خ م+رڈ)