خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی میں جنگ ستمبر کے شہداء کو خراج عقیدت

اسلام آباد:(اے پی پی) قومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے چھ ستمبر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی آنے والی نسلوں کو اپنے ان ہیروز کی قربانیوں سے آگاہ کرنے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں‘ پاکستان کی مسلح افواج وطن کے دفاع اور سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر حکومت کی طرف سے قرارداد آنی چاہیے تھی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رکن شیخ صلاح الدین نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے قرارداد لائی جائے، ہمارے جوانوں کی قربانیاں گراں قدر ہیں۔اس جنگ میں فضائیہ اور بحری افواج کی خدمات بھی لائق تحسین ہیں۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے کہا ہے کہ ایوان میں کوئی بھی بات حقائق کو مدنظر رکھ کر کی جانی چاہیے۔ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ چھ ستمبر کو قربانیاں دینے والوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے تھا، 6 ستمبر 1965ء کو بھارت نے پاکستان پر قبضہ کا مذموم ارادہ کیا تھا تاہم ہماری فوج نے جو قربانیاں دیں وہ مثالی تھیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ ہم نے اجلاس کے آغاز پر ہی تجویز دی تھی کہ آج معمول کا بزنس روک کر چھ ستمبر پر بات کی جائے تاکہ ہمارے بچوں اور نئی نسل کو اس دن کی اہمیت کا اندازہ ہو، ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ چھ ستمبر کے حوالے سے واضح پیغام جانا چاہیے۔ تحریک انصاف کے رکن سراج محمد خان نے چھ ستمبر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن اس ایوان سے اس حوالے سے ایک جامع قرارداد منظور کی جانی چاہیے تھی۔ پیر بخش جونیجو نے کہا کہ پیر پگاڑا اور ان کے حروں نے بھی چھ ستمبر کو دفاع وطن کے لئے اہم کردار ادا کیا ان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جانا چاہیے۔شیخ سہیل منصور نے کہا کہ ہمارے چاروں طرف جب دشمن بیٹھے ہیں تو اس تناظر میں ہمیں پاک فوج کو مضبوط کرنا چاہیے، ہمیں پاک فوج کے سپہ سالار اور پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے