خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی میں پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی میں منگل کی شام پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل کی قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا ، کمیٹی کو فوجی عدالتوں کی نگرانی کا اختیار حاصل ہو گا اور داخلی سلامتی کے معاملے پر خارجہ امور ،دفاع ،داخلہ امور اور دیگر اہم وزارتوں کو سفارشات بھجوا سکیں گی ۔پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل کیلئے قرارداد وزیر قانون وانصاف زاہد حامد نے پیش کی ۔قرارداد کے مسودے میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی سید نوید قمر،تحریک انصاف کی ڈاکٹر شیریں مزاری اور آفتاب احمد شیرپاؤ کی تجاویز کے تحت ضروری ردوبدل کیا گیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قرارداد پر رائے شماری کروائی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا ۔ قرارداد کے تحت پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کو علاقائی سالمیت ، آزادی وخودمختاری کے تحفظ ، قومی دفاع، فوجی عدالتوں کی نگرانی ، داخلی سلامتی کے معاملے پر سفارشات مرتب کرنے اختیار حاصل ہوگا ۔ سینیٹ سے آج قرارداد کو منظور کر لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ یہ کمیٹی حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان مفاہمت کے نتیجے میں قائم کی جا رہی ہے ۔ کمیٹی میں پارلیمنٹ کی تمام 20جماعتوں کی نمائندگی ہوگی ۔ قبل ازیں و فاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے 28ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر حکومت کی طر ف سے اپوزیشن و اتحادی جماعتوں کا شکریہ اداکیا ہے انہوں نے کہا آج قابل رشک دن ہے ، آج بہت اچھا ،درست اور اتفاق رائے سے فیصلہ ہوا ہے ۔ قومی اسمبلی میں 28ویں آئینی ترمیم اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے بلوں کی کثرت رائے کی منظوری کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ سینیٹ میں بھی (آج ) ایسا ہی طرز عمل دیکھنے کو ملے گا اور منظور ہو جائے گا، سینیٹ کو رولز معطل کر کے بل منظور کرنے کی درخواست کریں گے، قومی سلامتی کے امور کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے حوالے سے وعدہ بھی پورا کر رہے ہیں۔ (اع)