خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی میں (کل)مسئلہ کشمیر پر بحث کروائی جائے گی

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی میں(کل) پیر کو مسئلہ کشمیر پر بحث کروائی جائے گی،مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مشترکہ قرارداد پیش ہوگی۔اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں اجلاس پیر کو شام چار بجے ہوگا،وزیرامور کشمیر اور مشیر خارجہ اہم پالیسی بیانات دیں گے،ممتاز حریت رہنما سید علی گیلانی سمیت مقبوضہ کشمیر کے تمام آزادی پسند قائدین کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا جائے گا۔تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے ایوان میں مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن ذرائع سے حل کی قرارداد پیش کی جائے گی اور مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر ایوان تشویش کااظہار کیا جائے گا۔اس خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں قتل وغارت گری کے حالیہ سنگین واقعات کے تناظر میں اقوا م متحدہ سے خصوصی مشن مقبوضہ کشمیر بھجوانے کا مطالبہ کیا جائے گا، قرارداد کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس پر ایوان میں پارلیمانی جماعتوں سے مزید مشاورت کی جائے گی،متفقہ قرارداد سے قبل مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں تنازعہ کشمیر پر ایوان میں بحث ہوگی،بحث کی تکمیل کے موقع پروزیراعظم کے مشیر امورخارجہ سرتاج عزیز اور وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر اہم بیانات دیں گے بعدازاں چیئرمین خصوصی پارلیمانی کشمیر کمیٹی مولانافضل الرحمان مظلوم کشمیری عوام،حریت قائدین سے اظہار یکجہتی کی قرارداد پیش کریں گے