خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی میں 28 ویں آئینی ترمیم پر ووٹنگ کے دوران لابیوں میں بے پناہ رش

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی میں 28 ویں آئینی ترمیم پر ووٹنگ کے دوران ایوان کی دائیں طرف کی لابی میں بے پناہ رش پر متعدد ارکان پسینے سے شرا بور ہو گئے ، اسپیکر کو کہنا پڑا کہ آکسیجن کی ضرورت تو نہیں ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف بھی لابی میں موجود رہے ، ہنگامی طور پر لابی کے پنکھے چلائے گئے ۔ تمام جماعتوں کے ارکان وزیر اعظم سے ملے تاہم بے پناہ رش کی وجہ سے لابی میں بڑی تعداد میں ارکان پسینے میں شرابور ہو گئے یہ ارکان باہر نکلے تو اطمینان کا سانس لیا ایک موقع پر جب سید خورشید شاہ اور دیگر ارکان باہر آنے لگے تو سپیکر ڈائس پر ٹھہرے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار مخاطب ہوئے کہ ابھی باہر نہیں آ سکتے کیونکہ اسپیکر نے ووٹنگ کا مرحلہ مکمل ہونے اور ارکان کو باہر آنے کی اجازت نہیں دی ۔ بے پناہ رش کی وجہ سے ارکان کی حالت زار کی اطلاع ملنے پر اسپیکر نے فوری طور پر ہدایت کی کہ لابی کے پنکھے چلا دیئے جائیں ۔