خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی نے الیکشن بل 2017 میں ترمیم کا بل منظور کرلیا

قومی اسمبلی نے الیکشن بل 2017 میں ترمیم کا بل منظور کرلیا

اسلام آباد(ملت آن لائن)قومی اسمبلی نے الیکشن بل 2017 میں ترمیم کی شق وار منظوری کے بعد بل کو منظور کرلیا۔

وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے الیکشن بل کا نام بدلنےکی تحریک ایوان میں پیش کی جس میں اقرار نامے اور حلف نامےمیں شامل شقیں مرحلہ وار متفقہ طور پر منظور کی گئیں اور ایوان نے الیکشن ترمیمی بل 2017کے لیے تحریک منظور کرلی۔

اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ یہ بل تین سال کی محنت کا نتیجہ تھا، ہم نے تاریخی بل پاس کیا تھا جس میں اب ترمیم کر رہے ہیں، یہ حکومتی نہیں پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ پر مبنی بل تھا۔

زاہد حامد نے کہا کہ تمام پارلیمانی جماعتوں نے پرانا قانون بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے، کسی کا اس وقت تصور بھی نہیں تھا اور سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ایسا نکتہ اٹھ سکتا ہے، میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ ختم نبوت پر اثر انداز ہونے کا کام کریں، خوشی ہےکہ تمام سیاسی جماعتوں نے اس مسئلے کو محسوس کیا کہ ہمیں اس نکتے کو چھیڑنا ہی نہیں چاہیے تھا۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی رہنماؤں کی کل میٹنگ بلائی گئی اور ہمارا مؤقف تھا اسے اصل حالت میں بحال کیا جائے اس لیے جو بھی کاغذات نامزدگی میں ڈکلیئریشن تھا اسے اصل حالت میں بحال کررہے ہیں تاہم اس کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پارلیمانی کمیٹی کا مشترکہ عمل تھا، اس کی رپورٹ ہاؤس میں پیش ہوئی اور پہلے اسے نوٹ نہیں کیا گیا، سینیٹ میں اسے نوٹ کیا گیا جہاں اسے بحال نہ کراسکے لیکن تمام قائدین نے اس میں تعاون کیا جس پر سب کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔