خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی کا اجلاس: پشاور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کا بل منظور

قومی اسمبلی کا اجلاس: پشاور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کا بل منظور

اسلام آباد: (ملت آن لائن)قومی اسمبلی کا اجلاس: پشاور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کا بل منظور، قومی اسمبلی میں سپریم کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے کا بل 2017 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ ایوان نے جے یو آئی ف کی ترمیم مسترد کر دی وفاقی وزیر قانون انصاف محمود بشیر ورک نے اعلیٰ عدالتوں کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے کا بل ایوان میں پیش کیا۔ بل پیش کرنے پر جے یو آئی ف نے ایوان کی کارروائی بلڈوز کرنے کا الزام عائد کیا جس پر اسپیکر نے کہا کہ اکثریتی ارکان کی درخواست پر کارروائی معطل کر کے یہ بل پیش کیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بل کی منظوری کو بہترین فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ہم نے انتخابی اصلاحات کیں اور اب ایف سی آر کا خاتمہ کرتے ہوئے اعلی عدالتوں کا دائرہ کار بھی فاٹا تک بڑھا دیا۔ مطالبہ ہے کہ اسی دور میں پارلیمنٹ فاٹا کے انضمام کا تاریخی کام بھی انجام دے۔ فاٹا کے عوام کی بے مثال قربانیوں کے صلے میں فاٹا کا خیبر پختونخواہ میں انضمام کیا جائے۔