خبرنامہ پاکستان

قومی اسمبلی کا رواں سیشن 21مارچ تک جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوئزری کمیٹی میں فوجی عدالتوں سے متعلق آئینی ترمیم کی منظوری کے ٹائم فریم پر اتفاق رائے نہ ہوسکا جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ قومی اسمبلی کا رواں سیشن 21مارچ تک جاری رہے گا ۔ پیر کوبزنس ایڈوئزری کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس سے متعلق قواعد وضوابط کو زیر غور لایا گیا پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں نے پارلیمانی بزنس کے لئے اپنی تجاویز پیش کی۔کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کا 40ویں سیشن 21مارچ 2017تک جاری رکھا جائے گا۔ وقفہ سوالات اور قانون سازی سے متعلق دیگر اہم امور کو بھی موجودہ اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا ۔اجلاس میں وفاقی وزراء زاہد حامد،شیخ آفتاب احمد،پی پی پی کے رہنما سیدنویدقمر،پی ٹی آئی کی ڈاکٹرشیریں مزاری ، جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما صاحبزادہ طارق اللہ،ایم کیوایم کے اقبال محمدعلی،فاٹا کے شاہ جی گل آفریدی شریک ہوئے ذرائع کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے کے حوالے سے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی آئینی ترمیم کی ایوان سے منظوری کے ٹائم فریم پر اتفاق رائے نہ ہوسکا ۔(اع)