خبرنامہ پاکستان

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی پر تشویش

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی پر تشویش
اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے دوران بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مسلسل خلاف ورزی پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ایل او سی پر باربار بھارتی شیلنگ سےمعصوم جانوں کاضیاع ہورہا ہے۔

اجلاس میں وزارت دفاع، خارجہ اور خزانہ کے وزرا سمیت مسلح افواج کے سربراہان اور چیرمین جوائنٹ چیفس بھی شریک تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے بارے میں کمیٹی کو بریفنگ بھی دی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھارتی فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر میں تشددپر ڈوزیئر دیا گیا ہے۔

بریفنگ کے دوران شرکاء کو وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی دورہ امریکا کے دوران دیگر ممالک کے اہم رہنماؤں سے ملاقوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ امریکا سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے دورہ چین، ایران اور ترکی کے دوران ہونیوالی اہم ملاقاتوں سےآگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں افغانستان میں امن و استحکام سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا جبکہ پاک افغان سرحد پر بارڈر مینجمنٹ سسٹم اور افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے امور بھی زیر غور آئے۔