خبرنامہ پاکستان

قومی ٹی20 کرکٹ کپ میں تنازع سامنے آ گیا

قومی ٹی20 کرکٹ کپ میں تنازع سامنے آ گیا
کراچی:(ملت آن لائن) قومی ٹی 20 کرکٹ کپ میں تنازع سامنے آ گیاٹی وی پر کراچی کے سیمی فائنل میں پہنچنے کااعلان ہوااور فاٹا نے اگلی گیند پر چھکا لگا کر صورتحال تبدیل کر دی۔ گذشتہ روز ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچ میں ٹی وی پر یہی دکھایا جاتا رہا کہ فیصل آباد سے میچ میں اگر16.3 اوورز میں فاٹا نے ہدف عبور کیا تو سیمی فائنل میں جگہ مل جائے گی، مگر جب ایسا نہ ہوا تو کمنٹیٹرز نے کراچی کی فائنل فور میں شمولیت کا اعلان کر دیا، حیران کن طور پر انتہائی تجربہ کار اسپنر سعید اجمل کی اگلی بے ضررگیند پر جب محمد عرفان نے وننگ چھکا لگایا تو پھر اعلان ہوا کہ فاٹا کی ٹیم کا رن ریٹ کراچی سے بہتر ہو گیا لہذا وہ ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچ گئی۔
اس صورتحال پر کراچی کے آفیشلز نے فوری طور پرمنیجر ڈومیسٹک کرکٹ ثاقب عرفان سے رابطہ کیا لیکن انھوں نے کوئی تسلی بخش جواب نہ دیا، پھر ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا انھوں نے تفصیلات معلوم کرنے کا یقین دلایا مگر پھر کوئی بات نہیں کی، چیئرمین بورڈ کے مشیر شکیل شیخ نے بھی شکایت کو ہوا میں اڑا دیا، جب کراچی کی ٹیم والوں نے براڈکاسٹر سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جو میچ ریفری نے بتایا اسی کو ٹی وی پر نشر کیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ میچ کے اسکورز کی جو پریس ریلیز پی سی بی نے جاری کی اس میں اوورز کا کوئی ذکر ہی موجود نہیں،البتہ کرک انفو ویب سائٹ پر موجود اسکور کارڈ میں 16.4اوورز میں ہدف کے حصول کا لکھا گیا ہے۔