خبرنامہ پاکستان

قید سے باہرنکلنا چاہتی ہوں، وزیراعظم عمران خان مدد کریں، عافیہ صدیقی کا خط

اسلام آباد :(ملت آن لائن) امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان سے رہائی میں مددکی اپیل بھی کردی اور کہا آپ ہمیشہ سےمیرے ہیرو رہےہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کی جیل میں ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط قونصل جنرل کے حوالےکیا۔

امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خصوصی خط تحریر کیا ، جس میں عمران خان سے رہائی میں مدد کی اپیل کی ہے۔

خط میں عافیہ صدیقی نے کہا کہ قید سے باہر نکلنا چاہتی ہوں، قید کی سزا غیر قانونی ہے ، مجھے اغوا کرکے امریکا لایا گیا۔

عافیہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نےماضی میں میری بہت حمایت کی، وہ ہمیشہ سے میرے ہیرو رہے ہیں۔

یاد رہے پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا تھا کہ امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے شکایت کی ہے کہ جیل کے عملے کی طرف سے اُن کے ساتھ نامناسب سلوک کیا گیا۔

خیال رہے امریکا نے دعویٰ کیا کہ عافیہ صدیقی کو افغان جنگ کے دوران افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا،عافیہ صدیقی پر امریکی فوجی کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تاہم عافیہ صدیقی نے ہمیشہ اس الزام کی تردید کی ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کودوہزاردس میں امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوجیوں پرحملہ کرنے کے الزام میں چھیاسی سال قید کی سزاسنائی تھی، وہ ٹیکساس کی جیل میں قید ہیں۔