خبرنامہ پاکستان

لاؤڈ اسپیکرایکٹ کی خلاف ورزی کیس میں فاروق ستاراوردیگرپرفردجرم عائد

کراچی: مقامی عدالت نے لاؤڈ اسپیکرایکٹ کی خلاف ورزی کے کیس میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق سربراہ فاروق ستاراوردیگر پر فرد جرم عائد کردی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں فاروق ستار اور دیگر کے خلاف لاؤڈ اسپیکرایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے فاروق ستار اور دیگر پر فرد جرم عائد کردی، تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا۔

بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرتے ہوئے لاؤڈ اسپیکرایکٹ خلاف ورزی کے دونوں مقدمات کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ فاروق ستار پر لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات کے تحت 2 مقدمات سولجر بازار اور نیو ٹاؤن تھانوں میں درج ہیں۔

ان مقدمات میں خالد مقبول صدیقی، حیدرعباس رضوی و دیگر کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔