خبرنامہ پاکستان

لاہور، پنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارشیں، نشیبی علاقے زیرآب

لاہور،اسلام آباد(ملت آن لائن)اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جب کہ بارش سے اسلام آباد ایئرپورٹ میں بھی پانی بھر گیا۔

راولپنڈی میں موسلا دھار بارش سے جامع مسجد روڈ ،امام باڑہ چوک سمیت صادق آباد میں دیگر علاقوں میں بھی پانی جمع ہوگیا، ڈھوک کشمیراں، ڈھوک کالا خان، ندیم کالونی اور جاوید کالونی میں بھی تیز بارش کے باعث پانی کھڑا ہوگیا۔

راولپندی کے علاقے نالا لئی میں موسلا دھار بارش کے باعث پانی 15 فٹ تک پانی جمع ہوگیا تھا، سڑکیں اور گھر سب پانی میں ڈوبے ہوئے تھے تاہم واسا کی ٹیم نے بارش رکنے کے بعد فوری طور پر پانی نکالنے کے اقدامات شروع کردئے اور 9 فٹ تک پانی نکالا جاچکا ہے۔

بارش کا پانی ہولی فیملی اسپتال کے ڈینگی وارڈ میں داخل ہو گیا جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے مریضوں کو بیڈ سے نہ اترنے کی ہدایت دی ہے۔

اسلام آباد میں بھی بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بارش کے باعث پانی جمع ہوگیا جس سے ایئرپورٹ پر موجود مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں بھی موسلا دھار بارش سے جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے وہیں شہر میں پانی بھی جمع ہو گیا ہے۔

گڑھی شاہو، دھرم پورہ، اچھرہ، ہربنس پورہ، ایئرپورٹ، مغلپورہ ،گلبرگ، والٹن، ڈیفنس، مسلم ٹاؤن اور جوہرٹاؤن سمیت شہربھرمیں جل تھل ہوگیا، واساکا عملہ نشیبی علاقوں نکاسی آب کے لیے ہنگامی اقدامات کرتا دکھائی دیا۔

لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث پانی جناح اسپتال میں بھی جمع ہوگیا جس کے باعث مریضوں اور لواحقین کو پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے متاثر ہونے والوں کے لئے ایمرجنسی کیمپ اور فلوڈ ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔