خبرنامہ پاکستان

لاہور: لیڈی ہیلتھ ورکرز نے مطالبات تسلیم ہونے کے بعد دھرنا ختم کردیا

لاہور: لیڈی ہیلتھ

لاہور: لیڈی ہیلتھ ورکرز نے مطالبات تسلیم ہونے کے بعد دھرنا ختم کردیا

لاہور:(ملت آن لائن) پنجاب حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم کیے جانے کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرز نے مال روڈ پر 5 روز سے جاری دھرنا ختم کردیا۔ لاہور کے مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کی جانب سے سروس اسٹرکچر اور دیگر مطالبات کے حق میں 5 روز سے دھرنا جاری تھا، لیڈی ہیلتھ ورکرز نے مطالبات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں میٹرو بس سروس روکنے کی دھمکی دی تھی۔ مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کے دھرنے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر تھی جب کہ اسپتالوں میں بھی مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی رکی ہوئی تھی۔
عدالتی حکم
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو مال روڈ پر دھرنا ختم کراکے 2 اپریل کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
سیکریٹری ہیلتھ پنجاب
پنجاب حکومت کے سیکریٹری پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ علی جان کے مطابق لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں، مطالبات پر پہلے سے کام جاری تھی اور اس کی سمری گزشتہ رات شہبازشریف نے منظور کرلی ہے۔ سیکریٹری ہیلتھ نے کہا کہ مطالبات کی منظوری کے بعد دھرنا ختم نہ کیا گیا تو لیڈی ہیلتھ ورکرز کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز
دوسری جانب لیڈی ہیلتھ ورکرز نے پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد مال روڈ پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ رہنما لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات تسلیم کرلیے گئے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔