خبرنامہ پاکستان

لاہور میں مال روڈ پر دھرنا جاری

لاہور میں مال روڈ پر دھرنا جاری
اسلام آباد:(ملت آن لائن) فیض آباد دھرنے کے خاتمے کے اعلان کے بعد ملک بھر کے دیگر شہروں میں بھی دھرنے ختم ہونے لگے جبکہ شہروں میں پبلک اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بحال ہو گئی ہے۔ اہم اعلان کے بعد ملک کے بڑے شہروں کراچی، پشاور اور ملتان میں دھرنے پر بیٹھے کارکنان منتشر ہو گئے۔اسلام آباد دھرنا ختم ہونے کا اعلان ہونے کے بعد کراچی میں بھی مرکزی اور چھوٹے دھرنے ختم ہو گئے۔ نمائش چورنگی پر بھی ٹریفک بحال جبکہ شہر میں بازار بھی معمول کے مطابق کھل گئے۔ تحریک لبیک پاکستان کا اسلام آباد میں جاری دھرنا ختم ہوا تو کراچی میں بھی نمائش چورنگی پر گیارہ روز بعد
دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ اس موقع پر شرکا نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی اور گلے مل کر مبارکباد بھی دی۔ کراچی میں نمائش چورنگی پر مرکزی دھرنا ختم ہوا تو شہر میں جاری دیگر چھوٹے دھرنے بھی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ شاہ فیصل کالونی، کورنگی، لانڈھی، سہراب گوٹھ اورنگی سمیت بارہ سے زائد مقامات پر دھرنے جاری تھے۔ نمائش چورنگی پر سڑک کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔ شہر میں بازار بھی معمول کے مطابق کھل گئے جس کے بعد ٹرانسپورٹرز بھی سڑکوں پر آ گئے۔ ادھر کراچی میں دھرنا ختم ہوتے ہی مارکیٹیں کھل گئیں۔ گڈز اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے بھی اندرون ملک تیل اور مختلف اشیاء کی ترسیل بحال کر دی ہے۔ دھرنے نے شہر میں کاروباری سرگرمیاں مفلوج کر دی تھیں لیکن مذہبی جماعت کے دھرنے کے اختتام کے اعلان کے ساتھ شہر میں 2 روز سے بند کاروباری مراکز کھلنا شروع ہو گئے۔ ملک بھر میں کشیدہ صورتحال کی وجہ سے گڈز ٹرانسپورٹرز اور آئل ٹینکرز مالکان نے تیل اور خام مال کی ترسیل بھی روک دی تھی مگر حالات بہتر ہوتے ہی ان اشیا کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے۔