خبرنامہ پاکستان

لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کرانے کا فیصلہ بڑی حماقت ہے: عمران خان

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر عالمی کرکٹ کی پاکستان میں واپسی کیلئے لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تو اس سے بڑی حماقت نہیں ہوسکتی،اگر فائنل والے دن 60ہزار پولیس والے میدان کے باہر اور 30ہزار تماشائی میدان کے اندر ہونگے تو دنیا کوپاکستان میں قیام امن کے حوالے سے کیا پیغام جائے گا،صوبہ خیبرپختونخوا میں پرویز خٹک حکومت کی کارکردگی دوسرے صوبوں کے حکمرانوں کیلئے ایک اعلیٰ مثال ہے،ون بلین ٹری مہم کے تحت صوبے میں 75کروڑ درخت لگائے گئے،5لاکھ لوگوں کو روزگار ملا،گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں مدد ملے گی۔جمعرات کو تحریک انصاف کے سربراہ یہاں ایک مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین اور صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق خان موجود تھے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں آہستہ آہستہ جنگل ختم ہورہے ہیں،پاکستان میں بے دردی کے ساتھ درخت کاٹے گئے،ٹمبر مافیا نے تقریباً 100ارب روپے کے جنگلات کاٹے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے کے پی کے میں ٹمبر مافیا سرگرم تھا،خیبرپختونخوا کی لیڈر شپ نے ٹمبر مافیا کا مقابلہ کیا،کے پی کے حکومت نے درختوں کی کٹائی روکی،خیبرپختونخوا میں 75کروڑ روپے لگاچکے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں چھانگا مانگا جتنے10 جنگلات بن چکے ہیں،پانامہ میں پھنسنے والوں کی ساری ترقی اشتہاروں میں ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیم والے علاقے میں درخت لگائے گئے ہیں،10 سال بعد سیم سے متاثرہ زمین کاشت کے قابل ہوجاتی ہے،پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہے جسے گلوبل وارمنگ سے خطرہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ میرٹ پر بیوروکریسی کو اوپر لانا چاہیے،خیبرپختونخوا کی پولیس لوگوں کی حفاظت کرتی ہے،ہم نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام کو گاؤں کی سطح پر منتقل کیا،احتساب کمیشن وہ کام نہیں کرسکا،جو ہونا چاہیے تھا،احتساب کمیشن کو درست کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں کہ بہترین تعلیم کا نظام خیبرپختونخوا میں ہے کیا صرف فائنل کھیلنے سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی؟،پی ایس ایل اگر پاکستان میں ہوتا تو اسٹیڈیم بھرے ہوتے،دبئی میں پی ایس ایل کے میچوں میں اسٹیڈیم خالی ہیں۔۔۔۔(خ م+ع ع)