خبرنامہ پاکستان

لاہور میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری

لاہور(ملت آن لائن)لاہور میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری ہے جس کےباعث مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

لاہور میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ جاری ہے اور ہڑتال مسلسل تیسرے روز بھی جاری ہے جس کے باعث جناح اور میو اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں میں بھی او پی ڈی اور ان ڈور بند ہے جب کہ بعض اسپتالوں کی ایمرجنسی میں کام جاری ہے۔

ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث اندرون لاہور اور دیگر شہروں سے آئے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
اس کے علاوہ فیصل آباد، رحیم یار خان اور ملتان کے اسپتالوں میں بھی ینگ ڈاکٹرز ہڑتال پر اتر آئے ہیں۔

فیصل آباد کے الائیڈ اور سول اسپتال سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں میں کام بند ہے، اسپتال کی او پی ڈیز، ان ڈور اور ایمرجنسی میں بھی ڈاکٹرز موجود نہیں جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات در پیش ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتا کے باعث الائیڈ اسپتال میں 4 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔

رحیم یار خان کے شیخ زید اسپتال میں بھی ینگ ڈاکٹرز ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں جب کہ ملتان کے نشتر اسپتال سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کردی ہے۔

دوسری جانب پشاور میں بھی ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کی۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز نے احتجاجی ریلی نکالی اور اپنے مطالبات کے حق میں کیمپ بھی لگا رکھا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز نے گزشتہ ہفتے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں گرفتار ہونے والے ینگ ڈاکٹرز کے خلاف مقدمات ختم کرنے اور معطل ڈاکٹروں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔