خبرنامہ پاکستان

لاہور: وی آئی پیز کے گھروں کے باہر سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹادی گئیں

لاہور: وی آئی پیز

لاہور: وی آئی پیز کے گھروں کے باہر سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹادی گئیں

لاہور:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے انتظامیہ نے لاہور میں وی وی آئی پیز شخصیات کے گھروں، سرکاری دفاتر اور سڑکوں پر رکھی گئی رکاوٹیں ہٹا دیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب ںثار نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ سمیت دیگر کے گھروں کے باہر سڑکوں پر موجود رکاوٹیں فوری ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے۔ لاہور انتظامیہ نے اعلیٰ عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے جاتی امراء، ایوان وزیراعلیٰ ، گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی رہائش گاہوں، منہاج القرآن، جامعہ قادسیہ اور حافظ سعید کی رہائش گاہ سے رکاوٹیں ہٹادیں۔ انتظامیہ نے پولیس لائنز، آئی جی آفس، ڈی آئی جیز کے دفاتر، ایبٹ روڈ اور گارڈن ٹاؤن میں پاسپورٹ کے دفاتر سے بھی بیریئرز ہٹا دیئے۔ خیال رہے کہ سڑکوں پر رکاوٹوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری ہوم کا کہنا تھا کہ رکاوٹیں دھمکیاں ملنے کی وجہ سے لگائی گئیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ‘کیا مجھے دھمکیاں نہیں ملتیں، وزیراعلیٰ کو ڈرا دھمکا کر گھر میں نہ بٹھائیں اپنی فورسز کو الرٹ کریں’۔ اعلیٰ عدالت کی جانب سے احکامات کے بعد سرکاری مشینری فوری حرکت میں آئی اور رات گئے تک لاہور میں وی آئی پیز شخصیات کے گھروں اور سرکاری دفاتر کے باہر موجود رکاوٹوں کو ہٹادیا گیا۔