خبرنامہ پاکستان

لاہور: پولیس نے ینگ ڈاکٹرز کو دھو دیا، شیلنگ کے بعد کئی گرفتار

لاہور(ملت آن لائن)مسیحا ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے، ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے سروسز ہسپتال سے جی او آر ون تک احتجاجی ریلی نکالی گئی تاہم جی او آر ون میں داخلے کی کوشش پر پولیس نے ڈاکٹرز کو دھو ڈالا، واٹر کینن اور آنسو گیس کی شیلنگ سے پولیس نے مظاہرین کو پیش قدمی سے روک دیا۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز کو مذاکرات کیلئے بلایا لیکن انہوں نے انکار کر دیا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ترجمان محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے بھی ینگ ڈاکٹر کے احتجاج کو غلط قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ وائے ڈی اے سے پہلے بھی مذاکرات کئے اب بھی ان کے لئے دروازے کھلے ہیں۔

دوسری جانب وائے ڈی اے نے سروسز ہسپتال کے سامنے دھرنا دیدیا،ینگ ڈاکٹروں نے جیل روڈ بلاک کی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، او پی ڈیز بند ہونے سے مریض خوارہو کر رہ گے ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز کی احتجاج کے دوران جی او آر ون میں داخل ہونے کی کوشش پر پولیس نے مظاہرین کو نہلا دیا، آنسو گیس کی شیلنگ، علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ ینگ ڈاکٹرز نے پنجاب بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔