خبرنامہ پاکستان

لندن،عمران خان کی 2 فارنسک ایکسپرٹس سے ملاقات، پانامہ لیکس پرگفتگو

لندن:(آئی این پی ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لندن میں2 فارنسک ایکسپرٹس سے ملاقات کر کے پانامہ لیکس سے متعلق فارنسک آڈٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس موقع پرجہانگیر ترین اورعلیم خان بھی عمران خان کے ہمراہ تھے۔ عمران خان نے فارنسک آڈیٹرز کوپانامہ لیکس کی تفتیش کی دعوت دی اورشریف خاندان کی آف شورکمپنیز کی تفتیش کرنے کے حوالے سے معاملات طے کیے۔ ادھراپنے ٹویٹر پیغام میں انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کو یہ بات سمجھ کیوں نہیں آتی کہ اخلاقی جواز کھونے کے بعد ان کے پاس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں رہا۔ اسپین کے وزیر کو مستعفی ہونے کے لیے کسی کمیٹی کی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ انھوں نے اخلاقی جواز کھو دیا تھا، یہ بات ہمارے وزیراعظم کو کیوں سمجھ نہیں آتی کہ جمہوریت میں وزیراعظم ایک مرتبہ اخلاقی جواز کھو دے تووہ اپنے عہدے پر فائز نہیں رہ سکتا۔لندن میں ایک تقریب سے خطاب میںعمران خان نے کہاکہ پاکستان کے لوگوں میں شعور آچکا ہے، وہ باریاں لینے والوں کو عوام سمجھ چکے ہیں۔ ٹیکس دیئے اور انصاف کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، ہمارے ملک میں جمہوریت نہیں ، وزیراعظم نواز شریف اپنے اثاثے ظاہر کریں۔ پاناما لیکس کا معاملہ ماضی میں ہوا ہوتا تو سامنے نہیں آ سکتا تھا، آج میڈیا لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب لا چکا ہے، نواز شریف نے پاناما لیکس پر جواب نہیں دیا، ان کے درباریوں نے جواب دینے کے بجائے قائد حزب اختلاف پر کرپشن کا الزام لگا دیا۔ حکومت کا کام بلیک میلنگ نہیں ہوتا۔ بچے اٹھارہ سال کے تھے تو ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا؟ پارک لین کے محل دیکھ لیں اور دیکھیں کہ انہوں نے ٹیکس کتنا دیا ہے۔