خبرنامہ پاکستان

لودھراں: این اے 154 کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

لودھراں: این اے 154 کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

لاہور:(ملت آن لائن) لودھراں میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 154 پر ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ کا آغاز پوگیا، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہےگی۔ ضمنی انتخاب کے دوران 4 لاکھ 31 ہزار 2 ووٹرز اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن کے لیے 338 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ پولنگ کا عمل شفاف رکھنے کے لیے پولیس کے 2 ہزار اور پاک فوج کے 2 ہزار سے زائد جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
لودھراں کے ضمنی الیکشن میں امن و امان کی ذمہ داریاں پاک فوج کے سپرد
تحریک انصاف کے علی ترین، مسلم لیگ (ن) کے سید محمد اقبال شاہ، پیپلز پارٹی کے مرزا محمد علی بیگ اور ملک اظہر سندیلہ سمیت 10 امیدوار مدمقابل ہیں۔ واضح رہے کہ یہ نشست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ برس دسمبر میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا تھا۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جہانگیر ترین کو ڈی سیٹ کرتے ہوئے حلقے میں 12 فروری کو ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان کیا تھا۔
انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے
لودھراں کے ضلعی مانیٹرنگ آفیسر نے این اے 154 ضمنی انتخاب کے امیدواروں علی ترین اور اقبال شاہ پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کردیئے۔ علی ترین پر 40 ہزار روپے اور اقبال شاہ پر 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ علی ترین تحریک انصاف جبکہ اقبال شاہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے دونوں امیدواروں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا تھا۔