خبرنامہ پاکستان

لودھراں کے عوام نے عمران خان کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، عائشہ گلا لئی

لودھراں کے عوام نے عمران خان کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، عائشہ گلا لئی

اسلام آباد(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلا لئی نے کہا ہے کہ لودھراں کے عوام نے عمران خان کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے عمران خان اینڈ کمپنی اور ان کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، عوام نے منہ ٹیڑھا کر کے انگریزی بولنے والے ارب پتیوں کو بھی مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو نوٹوں سے کوئی خرید نہیں سکتا، عوام جیت گئے، نوٹ ہار گئے۔ ارب پتی سمجھتے تھے کہ پیسوں سے سب کچھ خریدا جا سکتا ہے۔ ہیلی کاپٹر، جہاز سب پیچھے رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اور جنوبی پنجاب کے عوام کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں ان کھرب پتیوں کو مسترد کردیں۔

لودھراں میں شکست کوئی معنی نہیں رکھتی، آئندہ عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے مہم چلائی جائے گی، سینیٹر شبلی فراز
اسلام آباد،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ لودھراں میں شکست کوئی معنی نہیں رکھتی اور نہ ہی اس سے پورے ملک کے مزاج کی عکاسی ہوتی ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے لودھراں میں 85 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے، عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد نہیں کیا اور نہ ہی پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں میں شکست کوئی معنی نہیں رکھتی اور نہ ہی اس سے پورے ملک کے مزاج کی عکاسی ہوتی ہے۔ علی ترین نوجوان چہرہ ہیں، عام انتخابات میں وقت کم رہ گیا ہے، آئندہ عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے مہم چلائی جائے گی۔
عاصمہ جہانگیر پوری دنیا میں انسانی حقوق کے حوالے سے توانا آواز تھیں، غلام احمد بلور
اسلام آباد،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی اقدار کے حوالے سے سیاستدانوں، میڈیا، بیورو کریسی سمیت کسی کا ریکارڈ اچھا نہیں، آمروں نے آئین کو پس پشت ڈال کر ملک کا حلیہ بگاڑ دیا۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر نے ملک میں جمہوریت کے حوالے سے آمر کے ساتھ ٹکر لی وہ پوری دنیا میں انسانی حقوق کے حوالے سے توانا آواز تھیں۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر وہ بہادر خاتون تھیں جنہوں نے کئی غریب خواتین کا مفت کیس لڑا، ان کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔