خبرنامہ پاکستان

لگتا ہے ترقیاتی منصوبوں میں’’ان کو‘‘ بہت فائدہ ہوگا:چانڈیو

کراچی:(آئی این پی) مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ قوم کے پیسوں سے بنائے جانے والے منصوبوں پرسیاست نہ کی جائے اور لگتا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں اتفاق فاؤنڈری کو بہت فائدہ ہوگا۔ مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ اقتٓصادی راہداری نوازلیگ کا ذاتی منصوبہ نہیں بلکہ آصف علی زرداری کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے، سڑکیں اورپل بنا کرعوام پراحسان جتایا جا رہا ہے، قوم کے پیسوں سے بنائے جانے والے منصوبوں پرسیاست نہ کی جائے، ایسے منصوبوں پرجلد بازی دکھائی جارہی ہے جس میں لوہے کا استعمال ہورہا ہے جب کہ لگتا ہے ترقیاتی منصوبوں میں اتفاق فاؤنڈری کو بہت فائدہ ہوگا۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ موٹروے بناکرظاہرکیا جارہا ہے کہ صحت، تعلیم اورخوراک کے مسائل بھی حل ہوگئے، نواز شریف استعفے کے مطالبے پرناراض نہ ہوں کیونکہ وہ ماضی میں یوسف رضا گیلانی سے روز استعفے کا مطالبہ کرتے تھے، سندھ حکومت کے بار بار رقم طلب کرنے کے باوجود صوبے کا حق نہیں دیا جارہا جب کہ نواز شریف 3 سال میں سندھ کو ایک بھی میگا پراجیکٹ نہیں دے سکے۔