خبرنامہ پاکستان

لیجنڈری باکسر محمد علی کی تدفین کردی گئی

لوئی ویلی:(اے پی پی ) امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ویلی میں دنیا کے عظیم باکسر محمد علی کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی جس کے بعد ان کی تدفین آبائی علاقے میں کردی گئی ہے۔ تین مرتبہ ہیوی ویٹ چیمپیئن شپ جیتنے والے عظیم باکسر محمد علی ایک طویل عرصے سے پارکنسن کے مریض تھے اور 4 جون 2016 کو 74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ عمر کے آخری حصے میں وہ گفتگو کرنے سے بھی قاصر تھے لیکن چاہتے تھے کہ ان کی نمازِ جنازہ میں ہر خاص و عام شریک ہوں اور اسی لیے ایک عظیم اور عالمی شہرت یافتہ شخصیت کے جنازے میں ہزاروں افراد شریک ہوئے تاہم ان کی تدفین میں صرف ان کے اہلِ خانہ ہی شریک ہوئے۔ نمازِ جنازہ کے دوران امریکا بھر سے علماء اور اسکالرز نے باکسر محمد علی کے لیے دعائے مغفرت کی اور انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ محمد علی کا جسد خاکی جب آخری آرام گاہ لے جانے کے لیے گاڑی میں رکھا گیا تو اس دوران راستے بھر ان کے مداح گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے اور اپنے عظیم ہیرو کو خراج عقیدت پیش کرتے رہے جب کہ محمد علی کی تدفین کے بعد لوئی ول میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب منعقد کی گئی جس میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن سمیت دیگر عالمی رہنماؤں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ لیجنڈ باکسر محمد علی کی تدفین کے روز ان کی ریاست میں امریکا کا قومی پرچم سرنگوں رہا۔ امریکی صدر براک اوباما ان کی تدفین میں شریک نہیں ہوئے لیکن ویڈیو پیغام کے ذریعے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ محمد علی 17 جنوری 1942 میں پیدا ہوئے اوران کا نام کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر تھا، 1964 میں اسلام قبول کرنے کے بعد ان کا نام محمد علی رکھا گیا۔ عظیم باکسر نے تین مرتبہ 1964، 1974 اور 1978 میں ہیوی ویٹ ٹائٹل جیتے جب کہ پروفیشنل کیریئر میں 61 میں سے 56 باؤٹس جیتیں۔