خبرنامہ پاکستان

لیگی کارکنوں کےخون کاحساب چوہدری عبدالمجید کودیناہوگا، پرویز

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیرکی انتظامیہ ہاتھ کی چھڑی کی طرح استعمال ہو رہی ہے جب کہ حویلی میں ہمارے دو کارکنوں کے خون کا حساب وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور چیف الیکشن کمشنر کو دینا ہوگا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیرمیں گزشتہ روز پیپلزپارٹی کی طرف سے گالیوں کے بعد گولیوں کا استعمال کیا گیا، آزادکشمیرمیں قتل وغارت گری کا کھیل وزیراعظم آزاد چوہدری عبدالمجید کی نگرانی میں کھیلا جارہا ہے جب کہ پیپلزپارٹی کی انتظامیہ نے وزیراعظم کی سرپرستی میں لوٹ مار کا بازار گرم رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں شکست چودھری عبدالمجید کا مقدربن چکی ہے جب کہ ان کی نگرانی میں شفاف اور منصفانہ انتخاب کا صرف خواب ہی دیکھا جاسکتا ہے۔ پرویزرشید نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بدعنوان کرپٹ انتظامیہ کو گھربھیجیں، چیف الیکشن کمشنرکو ابھی تک مجرم کو گرفتارنہ کرنے کا جواب دینا پڑے گا جب کہ حویلی میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ہمارے دونوں کارکنوں کے خون کا حساب وزیراعظم چودھری عبدالمجید اور چیف الیکشن کمشنر کو ہی دینا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران اگر(ن) لیگی رہنماؤں پر قاتلانہ حملے ہوتے رہے تو الیکشن کمشنر جوابدہ ہوگا، وفاقی حکومت چیف الیکشن کمیشن کے کسی اختیار میں مداخلت نہیں کرتی اس لئے چیف الیکشن کمشنرکو اپنی انتخابی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ سری نگر اور مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف وزری اورقتل وغارت گری پر پرویزرشید نے کہا کہ بھارت کی مسلح افواج نے فائرنگ کر کے نہتے لوگوں کو شہید کیا اور300 سے زائد کو زخمی کیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ جانے کشمریوں کو ان کے حق خودارادیت کا حق کب ملے گا، پوری دنیا کا ضمیر سب کچھ دیکھتے ہوئے خاموش ہے جب کہ اقوام متحدہ بھی مقبوضہ کشمیرکے حوالے سے اپنی قراردادوں پرعمل درآمد کرانے میں ناکام ہے۔