خبرنامہ پاکستان

مارگلہ کے جنگلات میں لگی آگ پر 90 فیصد تک قابو پالیا گیا

مارگلہ کے جنگلات میں لگی آگ پر 90 فیصد تک قابو پالیا گیا

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وفاقی دارالحکومت میں مارگلہ کی پہاڑیوں کے جنگلات میں لگی آگ پر 90 فیصد تک قابو پالیا گیا۔ اسلام آباد میں مارگلہ کے جنگلات میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ پاک فضائیہ اور آرمی کے ہیلی کاپٹرز مارگلہ جنگلات میں لگی آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق پاک فضائیہ اور آرمی کے ہیلی کاپٹر مارگلہ جنگلات میں لگی آگ بجھارہے ہیں جبکہ پاک فوج کے جوان مقامی آبادی کی حفاظت پر بھی مامور ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لینے کے لیے پاک فوج کے جوان کالنجر گاؤں پہنچ گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان آگ بجھانے کے ضروری آلات کے ہمراہ کالنجر گاؤں پہنچے ہیں۔
پاکستان میں تاخیر سے سرد موسم کی آمد،گلوبل وارمنگ قرار
فی الحال آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ کیپیٹل ڈویلمپنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام کا کہنا ہے کہ مارگلہ کی پہاڑیوں کے جنگلات میں لگی آگ پر 90 فیصد قابو پالیا گیا ہے، آگ بجھانے میں 10 فائر ٹینڈرز اور 4 ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا۔ خیال رہے کہ پاکستان گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے جس کی وجہ سے موسموں میں شدت آگئی ہے، مارگلہ کے جنگلات میں لگنے والی آگ کی وجہ سے پاکستان میں جنگلات کے سکڑنے کی رفتار مزید تیز ہونے کا خدشہ ہے۔