خبرنامہ پاکستان

متحدہ اور ن لیگی ارکان الجھ پڑے، سخت جملوں کا تبادلہ

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں چئیرمین قائمہ کمیٹی رانا شمیم اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ الجھ پڑے اور دھمکی آمیز گفتگو پر اتر آئے۔ قومی اسمبلی میں رانا شمیم کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مجوزہ غیرقانونی بے دخلی ترمیمی بل 2016 کو زیرغور لایا گیا، اس دوران ایم کیو ایم کے رکن سلمان مجاہد بلوچ نے بولنے کی کوشش کی۔ کمیٹی چیئرمین نے انہیں بولنے سے باز رکھا لیکن وہ اپنی بات جاری رکھنے پر مصر تھے۔ اجلاس میں بولنے سے منع کرنے پر ایم کیوایم پاکستان کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ نے چئیرمین کمیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے بولنے دیں آپ مجھے نہیں جانتے۔ جس پررانا شمیم نے سلمان بلوچ سے کہا کہ مجھے دھمکی دینے سے پہلے ہوش کے ناخن لیں آپ مجھے نہیں جانتے سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان نے کمیٹی کو مختلف قوانین میں ترامیم پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لائسنس یافتہ اسلحہ گاڑی میں رکھا جاسکتا ہے اور دوران تلاشی پولیس لائسنس یافتہ اسلحہ پر کوئی کارروائی بھی نہیں کرسکتی اور اگر پولیس جائز اسلحہ پر کوئی کارروائی کرتی ہے تو لائسنس یافتہ شخص متعلقہ حکام کو فوری شکایت کرے۔ سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ معاشرے میں جن افراد کو واقعی اسلحہ رکھنے کی ضرورت ہے انہیں لائسنس جاری کیا جائے، اسلحہ لائسنس کے اجرا کےلئے سفارشات تیارکرلی گئی ہیں فوری طور پر اس کی تفصیلات نہیں بتائی جاسکتی کیوں کہ حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے اور امید ہے کہ آئندہ ماہ جنوری میں فیصلہ ہوجائے گا۔