خبرنامہ پاکستان

متحدہ لندن کو جھٹکے

متحدہ لندن کو جھٹکے
کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیو ایم لندن کے مرکزی رہنماء اور سابق وفاقی وزراء بابر غوری اور شمیم صدیقی کے علاوہ سینئر رکن ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی پرنسز عنبر خان اور بانی ایم کیو ایم کے سیاسی مشیر ڈاکٹر ندیم خان نے لندن قیادت کو خدا حافظ کہ دیا۔ پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا بھی اعلان کر دیا۔ امریکہ سے اپنے ایک بیان میں بابر غوری کا کہنا تھا کہ وہ ایم کیو ایم پاکستان میں کبھی شامل نہیں رہے، ایم کیو ایم لندن کا حصہ تھے اور اسی سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے سابق وفاقی وزیر مواصلات شمیم صدیقی نے بھی پارٹی چھوڑنے کا علان کر دیا۔ اپنے ایک بیان میں شمیم صدیقی کا کہنا تھا کہ اطمینان قلب کے لئے ذاتی طور پر فیصلہ کیا۔ ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کی سینئر رکن پرنسز عنبر خان نے بھی پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ عنبر خان نے الزام لگایا کہ ایم کیو ایم لندن اور پاکستان ایک ہی ہیں جو ملکر قوم کو بے وقوف بنا رہی ہیں، امریکہ میں مقیم عنبر خان عبوری حکومت میں صوبائی وزیر بھی رہ چکی ہیں۔ امریکہ میں ہی مقیم بانی ایم کیو ایم کے سیاسی مشیر ڈاکٹر ندیم خان نے بھی شدید اختلافات کے بعد پارٹی چھوڑنے اور عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔