خبرنامہ پاکستان

متحدہ مجلس عمل بحال، باضابطہ اعلان کیا جائے گا: سراج الحق

متحدہ مجلس عمل بحال، باضابطہ اعلان کیا جائے گا: سراج الحق
لاہور: (ملت آن لائن) منصورہ میں مذہبی جماعتوں کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا باضابطہ اعلان آئندہ ماہ کراچی میں کیا جائے گا۔ آئین کے مطابق معاملات چلانا پاکستان کیلئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ہم انتخابات بر وقت چاہتے ہیں اور پاکستان کی بقا کے لئے جمہوریت کا استحکام ضروری ہے۔ پاکستان کو اس وقت بہت سے مسائل کا سامنا ہے جبکہ پاکستان میں نظام کی تبدیلی کا واحد طریقہ شفاف انتخابات ہیں۔ اس موقع پر جے یو آئی ف کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی باقاعدہ بحالی پر اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ پرانے منشور پر متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا مسلمانوں کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور ان مسائل کا واحد حل مسلمانوں کے اتحاد میں ہے۔