خبرنامہ پاکستان

متعلقہ وزیر کو ایوان میں موجود ہونا چاہیے: جاوید عباسی

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ جس وزیر سے متعلقہ بزنس ایجنڈے پر ہو اس کو ایوان میں موجود ہونا چاہیے، صرف عملے کی جانب سے نوٹس لینے سے بات نہیں بنے گی۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں بیگم طاہرہ بخاری نے قرارداد پیش کی کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ حکومت پاکستان ٹیلی ویژن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرے۔ اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ بھی قرارداد آئی تھی مگر متعلقہ وزیر موجود ہی نہیں تھے۔ اگر کوئی وزیر نہیں ہے تو دیگر وزراء اس کا جواب دے سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ یہ قرارداد ہے اس پر بحث کرائیں ہم جواب دیں گے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ جس وزیر سے متعلقہ آئٹم ہو اس کو ایوان میں موجود ہونا چاہیے۔ وفاقی وزراء زاہد حامد اور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ متعلقہ وزیر میٹنگ میں ہیں‘ ہم نوٹس لے رہے ہیں وہ اس کا جواب دیں گے۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حزب اختلاف کی یہ بات درست ہے کہ جب وزارت سے متعلقہ بزنس ہو اس کو یہاں موجود ہونا چاہیے۔ شاہد خاقان عباسی رات بیرون ملک سے واپس آئے ہیں ان کی آمد تک میری وزارت سے متعلقہ بزنس لے لیا جائے۔