خبرنامہ پاکستان

مجلس وحدت المسلمین کوہڑتال ختم کرانے کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی: نثار

اسلام آباد(آئی این پی)ترجمان وفاقی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے مجلس وحدت المسلمین کیساتھ نہ تو کوئی وعدہ کیا گیا اور نہ ہی ہڑتال ختم کرنے کے سلسلے میں کوئی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔پیر کو ترجمان وزارت داخلہ نے مجلسِ وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وز یر داخلہ چوہدری نثار جب05اگست کو علامہ ناصر عباس جعفری کی بیمار پرسی کے لئے ہسپتال گئے تھے تو دوران عیادت اس حد تک بات ضرور ہوئی کہ اگر مجلسِ وحدت المسلمین کوئی شرط نہ رکھے تو وزیرِداخلہ صوبائی حکومتوں سے ان کے معاملات طے کروانے میں معاونت کریں گے۔ترجمان نے مزید کہا کہ وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کی بھرپور کوشش رہی ہے کہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ایم ڈبلیو ایم کے مطالبات کا مناسب حل تلاش کیا جائے تاکہ ایم ڈبلیو ایم کی قیادت احتجاج ترک کر کے اہم قومی امور پر حکومت کی رہنمائی کر سکے مگرانکے کردار کو غلط معنی دینا سراسر زیادتی ہے۔(رڈ)