ٹیکسلا(آئی این پی) اولاد کو اونچے مقام پر دیکھنا والدین کی سب سے بڑی خواہش ہوتی ہے ، نتاشا خان بھی اپنے پاپا وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی مسکراہٹ کی وجہ بن گئیں ، ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی بیٹی کے سیف گیمز میں سلیکشن کا علم نہیں تھا گھر والوں نے آکر بتایا تو مجھے حیرانگی ہوئی ۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سیاست میں جتنا کمال دکھاتے ہیں اتنا ہی نرم گوشہ اپنی اولاد کیلئے رکھتے ہیں ۔ ٹیکسلا میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری نثار سیاسی حریفوں پر الفاظ کے وار کرتے ہوئے اس وقت مسکرا پڑے جب ان کی بیٹی نتاشا کا ذکر ہوا ۔بیٹی تو ویسے بھی اپنے بابا کے دل کی رانی ہوتی ہیں اور نتاشا جیسی بیٹی جس نے اپنی قابلیت سے بین الاقوامی سطح پر ملک اور والدین کا نام روشن کیا ہو تو پھر باپ کا سر بھی فخر سے بلند ہو جاتا ہے ۔سخت ماحول میں حریفوں کو للکارتے چوہدری نثار کی مسکان نے ثابت کر دیا کہ انسان جس بھی مقام پر پہنچ جائے مگر اولاد کی کامیابی کی خوشی کا کوئی مقابلہ نہیں ۔