خبرنامہ پاکستان

مجھے وزارت عظمیٰ کے دوران نااہل قرار دیا گیا:یوسف رضا

لاہور (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء و سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مجھے وزارت عظمیٰ کے دوران نااہل قرار دیا گیاحالانکہ میں این آر او میں شامل نہیں تھا لیکن نشانہ صرف مجھے بنایا گیا ،میرے اوپر 28 کے قریب کیسز ہیں اور عدالتوں کی پیش ہو رہا ہوں ، افغانستان میں امریکی اور افغان فورسز کی مشترکہ کارروائی پر ان کے مشکور ہیں جنہوں نے آپریشن کر کے علی حیدر گیلانی کو بازیاب کرایا ،علی حیدر گیلانی معجزانہ طور پر بچ کر آئے ،ان کی بازیابی پر مختلف رہنماؤں کے مبارکباد کے پیغامات آ رہے ہیں جبکہ علی حیدر گیلانی نے کہا کہ میرے لئے دعائیں کرنے والے سب لوگوں کا مشکور ہوں، طالبان کی قید سے پہلے بھی میں اللہ تعالیٰ کے بہت قریب تھا۔وہ جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سابق وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا کہ علی حیدر گیلانی معجزانہ طور پر بچ کر آئے ہیں، علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر مختلف رہنماؤں کے مبارکباد کے پیغامات آ رہے ہیں،جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف،سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت دیگر رہنماؤں نے ٹیلی فون کر کے مبارکباد دی ہے اور ابھی تک یہ سلسلہ جاری ہے جبکہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ملاقات کیلئے بھی آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی اور افغان فورسز کی مشترکہ کارروائی پر ان کے مشکور ہیں جنہوں نے آپریشن کر کے علی حیدر گیلانی کو بازیاب کرایا اور اس آپریشن کے دوران دیگر اہم دہشت گردوں کو بھی مارا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے وزارت عظمیٰ کے دوران نااہل قرار دیا گیا،این آر او سے 8000 افراد کو فائدہ پہنچا ، میں ان میں شامل نہیں تھا لیکن نشانہ صرف مجھے بنایا گیا ہے،اب میرے اوپر 28 کے قریب کیسز ہیں اور عدالتوں کی پیش ہو رہا ہوں ، کئی مقدمات میں ضمانت ہوئی ہییوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کے سلسلے میں جنوبی پنجاب کے رہنماؤں کا اجلاس بلاول ہاؤس میں ہو گا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف بھی اپنا موقف پارلیمنٹمیں پیش کریں گے جبکہ اپوزیشن بھی اپنا موقف پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی نے کہا کہ میرے لئے دعائیں کرنے والے سب لوگوں کا مشکور ہوں، پورے پاکستان، ملتان کے حلقہ احباب کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ملتان میں جشن منانے والوں کا بھی بہت مشکور ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی قید سے پہلے بھی میں اللہ تعالیٰ کے بہت قریب تھا ۔ انہوں نے کہا کہ قید میں تین سال کس طرح گزارے یہ ایک طویل کہانی ہے فی الحال تو میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہونے پر خوش ہوں۔(اح)