خبرنامہ پاکستان

محصولات میں 60فیصد کاریکارڈ اضافہ :ڈار

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں محصولات کی وصولی میں 60فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔ 30جون کو گزشتہ مالی سال کا ٹیکس وصولی کا 3104ارب روپے کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے ۔ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بھی23ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔ جمعہ کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ء میں محصولات کی وصولی 1946ارب روپے تھی جب موجودہ حکومت برسراقتدار آئی تو اس نے ٹیکس وصولی بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ۔ 2015-16ء کیلئے 3104ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ ایف بی آر اور دیگر متعلقہ محکموں کی انتھک کوششوں سے 30جون کو یہ ہدف پورا کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کے ترقیاتی بجٹ میں بھی 700ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 1200ارب سے بڑھ کر 1900ارب روپے تک پہنچ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ملک کے قرضوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ فروری 2014ء میں سٹیٹ بینک کے پاس غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 2ارب 80کروڑ ڈالر تھے جو 30جون 2016ء کو 18ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ کمرشل بینکوں کے پاس اس وقت 4ارب 90کروڑ ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر ہیں ۔30جون کو غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 23ارب ڈالر سے بڑھ گئے یہ ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ زرمبادلہ کے ذخائر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی حکومت کے دوران کیلئے کئی نئے ہدف مقرر کئے اور نئے ریکارڈ قائم کئے ۔ٹیکس وصولی اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافے پر پوری قوم وزیر اعظم نواز شریف ، ایف بی آر حکام دیگر متعلقہ وزارتیں اور محکمے مبارکباد کے مستحق ہیں ۔