خبرنامہ پاکستان

محمود اچکزئی کو نوازشریف سے ملنے نہیں دیا گیا

اسلام آباد: پشتونخوامیپ کے سربراہ محمود اچکزئی کو اڈیالہ جیل میں نوازشریف سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اڈیالہ جیل میں آج قیدیوں سے ملاقات کا دن ہے اور میاں نوازشریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات کے لیے پارٹی رہنما اڈیالہ جیل پہنچ رہے ہیں۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی بھی نوازشریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ سینیٹر عثمان کاکڑکو بھی سابق وزیراعظم سے ملنے نہیں دیا گیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگومیں محمود اچکزئی نے کہاکہ دو ہفتے سے اسلام آباد میں ہوں، ہر بار مجھے منع کردیتے ہیں، یہ کیا طریقہ ہے، وہ تین بار کے وزیراعظم ہیں۔

محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ آئین ہر آدمی کوجیل میں کسی بھی آدمی سے ملاقات کا حق دیتا ہے۔

دوسری جانب میاں نوازشریف سے ملاقات کے لیے شہبازشریف بھی بذریعہ موٹروے لاہورسے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں، اس کے علاوہ مریم اورنگزیب، سعود مجید، برجیس طاہراور سعد رفیق بھی سابق وزیراعظم سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نوازشریف سے ملاقات میں شہبازشریف سیاسی منظرنامے سے متعلق ان سے ہدایت لیں گے۔

واضح رہےکہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائے جانے کے بعد نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر اڈیالہ جیل میں قید ہیں جب کہ لیگی رہنما صفدر عباسی بھی ایفی ڈرین کیس میں سزا پانے کے بعد اڈیالہ جیل میں ہیں۔