خبرنامہ پاکستان

محکمہ موسیات نے ملک میں بارش کی پیش گوئی کردی

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) محکمہ موسیات نے ملک کے مختلف حصوں میں منگل سے موسم سرما کی پہلی بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔ ڈی جی محکمہ موسمیات غلام رسول کا کہنا تھا کہ منگل سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث رواں ہفتے مری، گلیات، گلگت بلتستان، دروش اور کشمیر میں برف باری کا امکان ہے، اس کے علاوہ راولپنڈی، لاہور سرگودھا اور گوجرانوالہ میں بھی بارش ہوسکتی ہے، بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ 5 روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا جس سے دھند اور موسمی بیماریوں میں کمی ہوگی۔ ڈاکٹرغلام رسول کا کہنا تھا کہ رواں برس کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ نہیں ہوگا، آئندہ چند روز میں پشین، قلات، زیارت اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمال مغربی علاقوں میں بارش اور برفباری ہوگی جس سے کراچی میں بھی سرد ہوائیں اپنا ڈیرہ جمائیں گی تاہم یہ دورانیہ چند دنوں تک محیط ہوگا۔