خبرنامہ پاکستان

مخصوص دہشتگردوں کونشانہ بنانےکا امریکی الزام مسترد کرتےہیں:دفترخارجہ

اسلام آباد: (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے امریکی نائب ترجمان کے بیان پر ردعمل میں مخصوص دہشتگردوں کو نشانہ بنانے سے متعلق امریکی حکام کے ریمارکس کو مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی نائب ترجمان کے ریمارکس کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی نائب ترجمان کے ریمارکس حقائق کے برعکس ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی سلامتی کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی جاسوس کی گرفتاری پر امریکی خاموشی حیران کن ہے، امریکہ نے بھارتی جاسوس کی گرفتاری پر کوئی بیان نہیں دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی جاسوس نے دہشتگردوں کی مالی معاونت کو تسلیم کیا، جان مکین نے انسداد دہشتگردی کے لئے پاکستان کی کامیابیوں کو تسلیم کیا۔