کلرسیداں:( آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مشرق وسطیٰ والی کالعدم داعش کا کوئی وجود نہیں ،دہشت گردی میں ملوث پرانی تنظیمیں ہی اس کا نام لے کر کارروائیاں کررہی ہیں۔
کلر سیداں میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئےچوہدری نثار کا کہنا تھا کہ وہ سیدھے راستے پر چلتے ہیں اس لئے لوگ انہیں پسند کرتے ہیں لیکن غلط لوگوں کے خلاف کارروائی پر کچھ عناصر ان کے خلاف ہوجاتے ہیں ۔ پاکستان میں مخلص ہوکر کام کرنے والوں کے لئے رکاوٹیں ہی رکاوٹیں ہیں، اچھے افراد کی حوصلہ افزائی کرنے اور غلط افراد کا راستہ روکنے کی اشد ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ شواہد اور تحقیق کی بنیاد پر یہ بات کہہ رہے ہیں کہ مدارس دہشت گردی کو پھیلانے کا باعث نہیں بلکہ روکنے کا ذریعہ ہیں ۔مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے اتفاق ہوچکا ہے ۔ آئندہ چند دنوں میں وفاق المدارس کا ایک اہم اجلاس بلایا جائے گا جس میں وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے سے دہشت گردی میں ملوث تنظیمیں داعش کے نام پر کارروائیاں کررہی ہیں لیکن پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں۔ یہ تنظیم مشرق وسطیٰ تک محدور ہے۔ خفیہ اداروں کی جانب سے ملک بھر میں 12 ہزار آپریشن کئے جا چکے ہیں لیکن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ دہشت گردی میں کمی آئی ہے مگر ابھی ہمیں کافی سفر طے کرنا ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف جیت رہے ہیں لیکن ہمیں نفسیاتی جنگ بھی جیتنا ہوگی، ہمیں دشمن کو اپنی کمزوری نہیں عزم کا چہرہ دکھاناہے، اس کے لئے قوم کو متحدہ رہنا ہوگا، ملک کے محبت وطن میڈیا نے دہشت گردی کے خلاف بہت کام کیا، دہشت گردوں کو کسی قسم کی کوریج نہ دی جائے،دہشت گردی کے خلاف نفسیاتی جنگ جیتنے کے لئے میڈیا کو متحرک کرنا ہو گا۔