خبرنامہ پاکستان

مذہبی جماعتوں کا گستاخانہ خاکوں کےخلاف لانگ مارچ

لاہور: ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے خلاف مذہبی جماعتیں آج لاہور میں داتا دربار سے اسلام آباد کے لیے لانگ مارچ کا آغاز کررہی ہیں۔

تحریک لبیک یارسول اللہ (ٹی ایل وائے) کے ترجمان پیر اعجاز اشرفی کے جاری بیان کے مطابق لانگ مارچ کی قیادت سربراہ ٹی ایل وائے علامہ خادم حسین رضوی و دیگر قائدین کریں گے۔

ترجمان پیر اعجازاشرفی کے مطابق ان کی تنظیم کی جانب سے لانگ مارچ کی تیاریاں مکمل ہیں جس میں شامل ہونے کے لیے قافلے پہچنا شروع ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ پاکستان میں تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا، جس میں شرکا ایمانی جزبے اور حضور صلیٰ اللہ علیہ وسلم کی محبت کے تحت شرکت کر رہے ہیں۔

ٹی ایل وائے کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان کی تنظیم سے تعلق رکھنے والے متعدد قافلے کراچی، حیدرآباد، سکھر، رحیم یار خان، ملتان، بہالپور اور دیگر درجنوں شہروں سے لاہور پہنچ رہے ہیں اور کچھ راستے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تنظیم کے کارکنان اپنی وصیتوں کے ساتھ کفن بھی ہمراہ لائے ہیں اور جزبہ ایمانی کے تحت ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی حفاظت کے لیے سب کچھ قربان کریں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو چاہیے کہ ہالینڈ کے سفیر کو فل فورملک بدر کر کے اپنے سفیر کو واپس بلا کر یہ پیغام دیا جائے کہ گستاخانہ خاکوں کا معاملہ فوری بند کرو۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جزبات کو مجروح کر رہے ہیں، گستاخانہ خاکے شائع کرنے اور کروانے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال جون میں ہالینڈ کے متنازع سیاستدان گیرٹ ولڈرز نے پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کروانے کا قبیح اعلان کیا تھا۔

گیرٹ ولڈرزوہی شخص ہے جس نے پارلیمنٹ میں قرآن مجید کی ترسیل روکنے کا بل پیش کیا تھا، اس کے علاوہ یہ ہالینڈ میں خواتین کے پردے پر پابندی کا بل بھی پیش کرچکے ہیں۔

19 اگست 2018 کو پنجاب اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھانے کے فوری بعد ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے صوبائی اسمبلی میں مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔

20 اگست کو گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے انعقاد کے معاملے پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

جس کے بعد 24 اگست 2018 کو ہالینڈ کے وزیراعظم نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے شدید احتجاج پر گستاخانہ خاکوں کے مقابلے سے اپنی حکومت کو الگ کر لیا تھا۔

27 اگست 2018 کو وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا معاملہ اقوام متحدہ اور او آئی سی میں اٹھایا جائے گا۔مذہبی جماعتوں کا گستاخانہ خاکوں کےخلاف لانگ مارچ