خبرنامہ پاکستان

مردم شماری نتائج اپریل میں جاری ہو گا’ آصف باجوہ

مردم شماری نتائج اپریل میں جاری ہو گا’ آصف باجوہ

اسلام آباد: (ملت آن لائن) آصف باجوہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو نئی فہرستوں کے مطابق الیکشن کرانے میں چار ماہ چاہیں، حتمی نتائج اپریل سے پہلے فراہم کرنا ممکن نہیں۔
مشیر شماریات کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے عبوری نتائج پر انتخابات کرانے پر اتفاق ہوا ہے، آئینی ترمیم دو نومبر کو قومی اسمبلی میں پیش کی جانے کا امکان ہے۔

نئی مردم شماری کے بعد قومی اسمبلی کی نشستوں میں صوبوں کی نمائندگی کے تناسب کے تعین کے لیے آئینی بل تیار کرلیا گیا ہے جب کہ پارلیمانی رہنماؤں نے بل کی اصولی منظوری بھی دے دی ہے۔ بل کے متن کے مطابق قومی اسمبلی میں پنجاب کی 9 نشستیں کم ہوجائیں گی جن میں7 جنرل اور 2 مخصوص نشستیں شامل ہیں۔ خیبر پختونخواہ کی قومی اسمبلی میں 5 نشستوں کا اضافہ ہوگا جن میں 4 جنرل اور ایک مخصوص نشست شامل ہے۔

بلوچستان میں مجموعی طور پر قومی اسمبلی کی 3 نشستوں کا اضافہ ہوگا جن میں2 جنرل اور ایک مخصوص نشست شامل ہے، اسلام آباد کی ایک نشست کا اضافہ کیا جائے گا جب کہ سندھ کی قومی اسمبلی میں موجودہ نشستیں برقرار رہیں گی۔

واضح رہے کہ اس وقت قومی اسمبلی 342 نشستوں پر مشتمل ہے جس میں سے 272 نشستوں پر اراکین براہ راست انتخاب کے ذریعے منتخب ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں مذہبی اقلیتوں کے لیے 10 اور خواتین کے لیے 60 نشستیں بھی مخصوص ہیں، جنہیں 5 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنے والی جماعتوں کے درمیان نمائندگی کے تناسب سے تقسیم کیا جاتا ہے۔