خبرنامہ پاکستان

مردم شماری نہیں آدم خوری کی گئی، فاروق ستار

مردم شماری نہیں آدم خوری کی گئی، فاروق ستار

کراچی(ملت آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دھاندلی شدہ مردم شماری کو مسترد کرتے ہیں۔

کراچی میں مردم شماری کے نتائج کے خلاف احتجاج کے لیے منعقدہ جلسے سے خطاب میں فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو ڈیڑھ کروڑ گِنا گیا باقی ڈیڑھ کروڑ کو لاپتہ کر دیاگیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری دوبارہ کی جائے کیوں کہ کراچی کی آبادی کو کم کرکے 2018 کے انتخابات سے قبل دھاندلی کی گئی اور ایسا لگتا ہے کہ مردم شماری کے بجائے آدم خوری کی گئی۔

فاروق ستار نے کہا کہ اگر مردم شماری ہی غلط ہے تو حلقہ بندی کیسے صحیح ہوگی اور اس حوالے سے پارلیمنٹ میں جو بل لایا جائے گا اس کی حمایت کیسے کریں؟ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف اردو بولنے والوں کا نہیں کراچی میں رہنے والوں کا ہے ، سندھ میں سندھی بھائیوں کا بھی مردم شماری کا مقدمہ لڑیں گے۔

کراچی میں مردم شماری کے نتائج کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے لیاقت آباد دس نمبرکے فلائی اوور پر احتجاجی جلسہ کیا۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے الزام عائد کر رکھا ہے کہ حالیہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کم دِکھائی گئی۔

جلسہ کامیاب بنانے کے لیے متحدہ رہنماؤں نے عوامی مہم چلائی اور شہریوں میں دعوت نامے بھی بانٹے گئے تھے۔

جلسے کے دعوت نامے تقسیم کرنے کی غرض سے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے جامع کلاتھ مارکیٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی درست گنی جائے تو 500 یونین کمیٹیاں بنیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاق نے 9 سال بعد اگر میٹرو بس دی ہے تو کوئی احسان نہیں کیا۔

جلسے کے سلسلے میں لیاقت آباد فلائی اوور پر انتظامات کیے گئے تھے اور فلائی اوور کو دونوں اطراف سے رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل ،کامران ٹیسوری اور رؤف صدیقی نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کی۔

کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی کو کم کر کے دکھانا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کنور نوید کے ہمراہ ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں عوام کو مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی۔

خواجہ اظہار کی کیمپ میں آمد سے قبل پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کی ریلی ایم کیوایم پاکستان کے کیمپ کے سامنے سے گزری، اس موقع پر دونوں جماعتوں کے کارکنان نے شدید نعرے بازی کی۔