خبرنامہ پاکستان

’مرسوں مرسوں کوئی کام نہ کرسوں‘ شہبا شریف

’مرسوں مرسوں کوئی کام نہ کرسوں‘

کراچی:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ ’مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیں سوں‘ کامطلب تھا، مرسوں مرسوں کوئی کام نہ کرسوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ گورنر ہاؤس روانہ ہوگئے۔ گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ محمد زبیر نے شہبازشریف کو خوش آمدید کہا، وزیراعلیٰ پنجاب نے گورنر ہاؤس میں ناشتہ کیا جس کےبعد ان کی گورنر محمد زبیر سے ملاقات ہوئی جس میں ملک خصوصاً سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ترقیاتی ایجنڈے کا ویژن رکھتی ہے، اللہ نےموقع دیا تو سندھ کے تمام شہروں کی حالت بدل دیں گے، ترقی سندھ کے شہریوں کا بھی حق ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ امن وامان اورتوانائی کی صورتحال میں بہتری وفاقی حکومت کی انتھک کاوشوں کاثمر ہے، پنجاب میں عوام کی فلاح وبہبود کے ترقیاتی منصوبے قابل تقلید ہیں۔
شہبازشریف کی مصروفیات
شہبازشریف سے گورنر ہاؤس میں وکلا کے وفود اور پارٹی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں۔ اس دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کاکہنا تھا کہ بدقسمتی سےکراچی کوکسی کی نظر لگ گئی ہے، ہرطرف کچرا اور بدبو ہے، عوام کو بنیادی سہولتیں میسر نہیں، کراچی کی روشنیوں کو واپس لانا ہے، میں یکجہتی، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دینے آیا ہوں۔ دوسری جانب شہبازشریف نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کانام لیے بغیر ان پر تنقید کی۔ اپنی ٹوئٹ میں شہبازشریف کا کہناتھاکہ ’مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیں سوں‘ کا نعرہ لگانے والوں کا اصل مطلب تھا ’مرسوں مرسوں کوئی کام نہ کرسوں’ انہوں نے مزید کہا کہ الحمدللّٰہ کراچی کا امن مسلم لیگ (ن) کی حکومت بحال کر چکی، اب سندھ کو اس کی بنیادی سہولیات بھی ہم انشااللہ فراہم کریں گے۔