خبرنامہ پاکستان

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

کراچی:(آئی این پی) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت ماہ رمضان المبارک 1437 ھ کا چاند دیکھنے کے لئے اجلاس آج ہوگا۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کے لئے اجلاس آج شام بعد نماز عصر محکمہ موسمیات کے دفتر کراچی میں ہوگا۔ اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومتوں اور ضلعی سطح پر بھی کمیٹیوں کے الگ الگ اجلاس ہوں گے، اجلاس میں 1437 ہجری کے رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں لی جائیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں رمضان کا چاند پیر کی شام نظر آنے کا قوی امکان ہے اور منگل 7 جون کو ملک میں پہلا روزہ ہوسکتا ہے جب کہ ماہرین فلکیات کے مطابق چاند نظر آنے کے لیے اس کی عمر 26 گھنٹے ہونی چاہیے جبکہ پیر کی شام تک چاند کی عمر 36 گھنٹے ہوجائے گی۔ پشاورکی مسجد قاسم علی خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس آج ہی طلب کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ چاند کے حوالے سے کوئی بھی شہادت ملنے کی صورت میں وفاقی وزیرمذہبی امورسردار یوسف کو آگاہ کیا جائے گا۔