خبرنامہ پاکستان

کسی بھی کاروبارسے منسلک نہیں رہی، مریم نوازکا جے آئی آئی ٹی کو بیان

اسلام آباد(ملت آن لائن) مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ والد کی جانب سے دیئے گئے تحائف سے زرعی اراضی خریدی جب کہ کبھی کسی کاروبارسے انتظامی طورپر منسلک نہیں رہی ہوں۔

وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف کی جانب سے جے آئی ٹی کو دیئے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ کبھی کسی کاروبارسے انتظامی طور پر منسلک نہیں رہی، میری کوئی آف شورکمپنی نہیں، میرا پاکستان سے باہر کوئی اکاؤنٹ نہیں جب کہ والد کے تحائف سے زرعی اراضی خریدی۔ مریم نوازکا کہنا تھا کہ والد وزیراعظم نوازشریف کے زیر کفالت نہیں ہوں جب کہ والدین کی محبت اور ان کی قربت کے لئے ان کے ساتھ رہتی ہوں۔

مریم نواز نے جے آئی ٹی کو اپنے بیان میں کہا کہ 2006 سے پہلے لندن فلیٹ میں قیام کیا، قیام کے وقت یہی معلوم تھا کہ یہ فلیٹ ہمارے نہیں، کیپٹن صفدر نے کبھی حسین نواز کی کسی فرم کے لئے کام نہیں کیا، 2011 کا میرا انٹرویو سیاق وسباق سے ہٹ کر چلایا گیا ، پروگرام میں میری بہن اسماء اور والدہ پر25 سے 30 جائیدادوں سے تعلق کا کہا گیا جب کہ میں نے پروگرام میں پاکستان میں کسی بھی جائیداد کے نہ ہونے کی وضاحت دی۔

بیان میں کہا گیا کہ اپنے ہمراہ نیلسن، نیسکول اور کومبر کمپنی کے دو ٹرسٹ ڈیڈ لے کر آئی ہوں، 2005 میں بھائی حسین نواز کی دوسری شادی کاعلم ہوا، ٹرسٹ ڈیڈ حسین نواز نے دونوں بیگمات میں جائیداد کی شریعت مطابق تقسیم کے لئے تیار کروائی، 2 فروری 2006 کو بطور ٹرسٹی دستخط کئے جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بھی ٹرسٹ ڈیڈ پر بطور گواہ دستخط کئے۔

مریم نواز کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا کہ حسن نواز کی جانب سے مجھے رقم بھیجنے کا یاد نہیں، نیلسن ،نیسکول کے دستاویزات پر لندن میں دستخط نہیں کئے جب کہ حسین نواز کے کہنے پر ٹرسٹ ڈیڈ پر دستخط کئے لیکن یہ یاد نہیں نیلسن اور نیسکول کے دستاویزات پر آخری مرتبہ دستخط کب کئے، نیلسن نیسکول کے بیرئیر سرٹیفکیٹ آخری بار کب دیکھے یاد نہیں اور منروہ کمپنی سے کبھی رابطہ کیا اور نہ ہدایات دیں۔