خبرنامہ پاکستان

مریم نواز کی ریاستی اداروں کے خلاف مہم ناکام ہوگئی، فواد چوہدری

مریم نواز کی ریاستی اداروں کے خلاف مہم ناکام ہوگئی، فواد چوہدری

اسلام آباد(ملت آن لائن)تحریک انصاف کے ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عالمی میڈیا میں ریاستی اداروں کے خلاف مریم نواز کی مہم جوئی ناکام ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف اپنے سیاسی مخالفین کی کردار کشی کے لئے جہاز سے پمفلٹ گرایا کرتے تھے جب کہ ان کی صاحبزادی مریم نواز سرکاری خرچے سے چلنے والے میڈیا سیل کے ذریعے طوفان بدتمیزی برپا کئے ہوئے ہے ان کے میڈیا سیل نے تعفن پھیلا رکھا ہے اور اداروں کے خلاف تضحیک اور نفرت پر مبنی پروپیگنڈے کی بھرمار کی جارہی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی عالمی میڈیا کے سامنے ریاستی اداروں کے خلاف مہم جوئی ناکام ہوگئی ہے وہ کسی معقول سیاسی ہدف کی کوشش نہیں کررہیں بلکہ ان کی ساری جدوجہد کا محور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کو بچانا ہے جس کےلئے اخلاقی و معاشرتی اقدار کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ مریم نواز کو اس بات کا احساس ہی نہیں کہ پوری دنیا ان کے جھوٹ سے واقف ہوچکی ہے، وہ پہلے اثاثوں سے انکار کرتی رہیں، پھر والد کے ساتھ رہنے کے دعوے کرنے والی عورت 1ارب کے اثاثوں کا اعتراف کررہی ہیں اور ان اثاثوں کے ثبوت اور رسیدیں نہ دے کر جھوٹ بول رہی ہیں جب کہ افریقا سے ایشیا تک کیلبری کے چرچے ان کی جعل سازیوں میں مقبولیت کی علامت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صاحبزادی پاکستان میں تبدیلی کا جتنا جلد احساس کرلیں گی ان کے حق میں بہتر ہوگا کیوں کہ قوم اب 6 ماہ میں لوٹے ہوئے 300 ارب روپوں کی وطن واپسی کے لئے پرامید ہے، لندن کی جائیدادیں نیلام اور شریف خاندان جب اڈیالہ جائے گا تو قوم کو قرضوں سے نجات ملے گی۔