خبرنامہ پاکستان

مزید بارش، پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی موسم کی تازہ ترین صورتِ حال کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور اور مردان ڈویژن میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ مری اور اس کے گردونواح میں رات سے برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مری میں 2 فٹ برف پڑی ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، مالاکنڈ، پشاور، بنوں ڈویژن، فاٹا اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں 32 ملی میٹر ، اسلام آباد16،کامرہ10، مندی بہاؤالدین07، راولپنڈی7، سرگودھا ایک، رسالپور11، مالم جبہ10، چراٹ7، پشاور9، دیر، پاراچنار2، بنوں،کالام اور سیدوشریف میں ایک، گڑھی دوپٹہ8، راولاکوٹ5، کوٹلی 4 اور مطفرآباد میں ایک ملی میٹر بارش جبکہ مالم جبہ میں 3انچ، راولاکوٹ اور کالام میں ایک انچ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ بدھ کو ملک میں ریکارڈ کئے گئے درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق سکردو میں درجہ حرارت منفی10 ڈگری سینٹی گریڈ، گوپس منفی9، استور، پاراچنار منفی7، کالام منفی 6، قلات، مری، مالم جبہ منفی 5، بگروٹ اور گلگت منفی4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا اورپنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔