خبرنامہ پاکستان

مزید 42 انسپکٹرزکی تنزلی کا نوٹیفکیشن معطل

لاہور: (آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے مزید 42 انسپکٹرز کی تنزلی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا ۔ مجموعی طور پر پولیس افسران کی تعداد 62 ہوگئی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیر بھٹی نے کیس کی سماعت شروع کی تو متاثرہ پولیس افسران کے وکیل طلعت فاروق شیخ نے عدالت کو بتایا کہ آئی جی پنجاب نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی اور ایسے پولیس افسران کی تنزلی کردی ہے جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی زد میں نہیں آتے ۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ آئی پنجاب نے تنزلی سے قبل متاثرہ پولیس افسران کا موقف بھی نہیں سنا جو ان کا قانونی حق تھا ۔ عدالت نے 42 انسپکٹرز کی تنزلی کا نوٹفکیشن معطل کر دیا جس کے بعد بحال ہونیوالے ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور انسپکٹرز کی تعداد 62 ہو چکی ہے ۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کو متاثرہ پولیس افسران کا موقف سن کرفیصلہ کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے ۔