خبرنامہ پاکستان

مسئلہ کشمیر سے اقوام متحدہ کی ساکھ خراب ہو رہی ہے، ملیحہ لودھی

مسئلہ کشمیر سے اقوام متحدہ کی ساکھ خراب ہو رہی ہے، ملیحہ لودھی

نیویارک:(ملت آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے اقوام متحدہ کی ساکھ خراب ہو رہی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے مباحثہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے، اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینا چاہیے، قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں سب سے زیادہ فوجی دستے پاکستان فراہم کر رہا ہے، سلامتی کونسل کے منتخب ارکان کو زیادہ جوابدہ ہونا چاہیے، سلامتی کونسل کے جمہوری اور نمائندہ کردار کیلئے احتساب کا معیار بہتر کیا جائے۔

……………………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے…پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتا رہے گا، احسن اقبال

واشنگٹن ڈی سی:(ملت آن لائن) وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتا رہے گا۔ امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب سے خطاب میں وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اورسیاسی حمایت کرتا آرہا ہے، کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتے رہیں گے اورپاکستان عالمی برادری پر بھارت کو مظالم سے روکنے کیلئے زوردیتا رہے گا۔ تقریب میں کشمیریوں کی جدوجہد کو خصوصی گانا چلا کربھی دکھایا گیا۔ اس دوران امریکا میں پاکستانی سفیراعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیداراستحکام کیلئے مسئلہ کشمیرکا حل ناگزیر ہے۔